نوجوانوں سے ملکر ملک کو ایشین ٹائیگر بنائینگے: نوازشریف
کھڈیاں+ قصور (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ایشین ٹائیگر بننا ہے، یہ یوتھ ہی ملک کو ایشین ٹائیگر بنائے گی۔ نوازشریف نے شہباز شریف کے حلقہ انتخاب کھڈیاں قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات دیں گی، کھڈیاں والو! نوٹ کرلو، اسی جگہ پر آپ کو سٹیڈیم بنا کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا جلسہ گاہ کی جگہ پر کرکٹ سٹیڈیم بناؤں گا، کرکٹ میچ میں اوپننگ بیٹر کے طور پر کھیلوں گا۔ شہباز شریف سے دانش سکول، ہسپتال، یونیورسٹی کا لکھوائیں، منصوبوں پر کتنا خرچہ آجائے گا، 20 ارب روپے، آپ پر قربان ہیں۔ قصور والوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں موٹر وے نہ ملے۔ نوازشریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہاں گیا بلین ٹری؟۔ کسی کو گھر اور نوکری ملی؟۔ کہاں گئے 350 ڈیم؟۔ انڈے، مرغیاں اور کٹے کہاں گئے؟۔ ان فراڈیوں کو دوبارہ پاکستان نہیں آنے دینا۔ یوتھ تو پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، ہم سب یوتھ ہیں، میرے اندر بھی یوتھ کا جذبہ ہے۔ شہبازشریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ان کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ شہباز شریف وعدہ کر کے جاؤ کھڈیاں کو کیا دے کر جا رہے ہو۔ نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے، ان کی تقدیر بدلنی چاہیے۔ نوازشریف کو نہ نکالا جاتا تو دعوے سے کہتا ہوں کوئی بیروزگار نہیں ہوتا۔ ہمیں بہت ٹھوکریں لگی ہیں، ہمیں ٹھوکروں سے باہر نکلنا ہے۔ نوازشریف کا دور رہتا تو پورا ملک خوشحال ہوتا، ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، لیکن ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، ملک کو یوتھ ہی ایشین ٹائیگر بنائے گی۔ ان کاکہنا تھا کہ 2 دن بعد خوشحالی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ یہ دھرنوں میں مصروف تھے ہم لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مصروف تھے۔ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے، روزگار دیں گے۔ نواز کے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی، آج کل 20 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے۔ ہمارا دور ایسا تھا کہ 10 روپے کلو سبزیاں‘ روٹی 4 روپے کی تھی‘ 5 لاکھ کی گاڑیاں مل جاتیں تھیں۔ آج مہم کا آخری جلسہ ہے، ہم سب آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔ علاوہ ازیں قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا گیا لیکن کبھی کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، یہ ہے عوام کا نواز شریف۔ پورے پاکستان میں ترقیاتی کام کی جس کی تختیاں لگیں وہ نواز شریف ہے، نواز شریف 8 فروری کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوکر عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔ سندھ والی پارٹی کراچی میں تو ترقیاتی کام نہیں کر سکی اور کہتی ہے کہ کراچی کو لاہور بنا دیں گے۔ جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو باقی کیا بات رہ گئی!۔ صدر ن لیگ نے کہا کہ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے اور دوسری طرف 28 مئی والا نواز شریف ہے۔ ایک طرف اندھیرے تھے تو نواز شریف روشنی لایا۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ بھی نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔ قصور کھڈیاں خاص میں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج دیکھو سیاست شروع بھی نواز شریف سے ہورہی ہے اور ختم بھی نواز شریف پر ہورہی ہے۔ نواز شریف کے مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر ان پر ہی ختم ہوتی ہے۔ انہوں نے تنقید کا آسان طریقہ ڈھونڈا ہوا ہے۔ پاکستان کے عوام کی شکر گزار ہوں۔ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی اور مجھے بھی نہیں بخشا گیا، ہم پر کیچڑ اچھالی گئی، لیکن ان کے خلاف فیصلے آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نے اسی جدوجہد میں اپنی ماں کھوئی ہے جو کبھی واپس نہیں آئے گی، میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، میں تحریک انصاف کے نوجوان جو جیلوں میں پڑے ہیں انہیں بھی پیغام ہے کہ نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔