پی ٹی آئی کو اسرائیل و دیگر ملکوں سے پیسے ملے: فضل الرحمن
ڈی آئی خان (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ عوام اپنی شناخت کریں کہ آپ کی شناخت کیا ہے؟۔ ہم نے اپنے نظام کو مغرب کے تابع بنانا ہے یا اسلام کے؟۔ مولانا فضل الرحمن نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کو اسرائیل سمیت دیگر ملکوں سے پیسے ملے‘ پی ٹی آئی کی منافقت کو ہم جانتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی غیر ملکی ایجنڈے پر آیا تھا۔ ہم سیاست کرسی‘ مفادات کیلئے نہیں انبیاء کی سنت سمجھ کر کرتے ہیں۔ آج تک اسمبلیوں کو ایسے لوگوں سے بھرا گیا جنہیں قرآن وسنت سے کوئی دلچسپی نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا آج کا جلسہ بتا رہا ہے کہ ہم جیتیں گے۔ اسلام کو اقتدار کی کرسی پر بٹھائیں گے۔ یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گے۔ ڈی آئی خان کو بزنس حب بنائیں گے۔ انڈسٹریل زون بنا کر رہیں گے۔ ڈی آئی خان میں زرعی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ مزدوروں کو پنجاب کی بجائے یہاں روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ ڈی آئی خان میں دل کا ہسپتال بنائیں گے۔ پشاور تک موٹر وے بھی بنائیں گے۔ ملک کو ترقی دینی ہے تو جے یو آئی کو آٹھ فروری کو ووٹ دینا ہو گا۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف قانون حرکت میں آیا تو کہتا ہے میں مظلوم ہوں۔ بانی پی ٹی آئی نوجوانوں کو تباہ کرنے کا ایجنڈا لائے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی حکومت 75 سال کی سب سے بدترین حکومت تھی۔ بانی پی ٹی آئی نے سی پیک جیسے پروجیکٹ روکے۔ ڈی آئی خان میں ریجنل کارگو ائرپورٹ بنائیں گے۔