قوم کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے بلے باز کے نشان پر مہر لگائے: اختر اقبال ڈار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ اگر قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتی ہے تو 8فروری کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے انتخابی نشان بلے باز پر مہر لگائے۔ موجودہ انتخابی مہم میں دو تین بڑی سیاسی پارٹیاں کارکردگی کی بجائے کم کرپشن کا نعرہ لگا رہی ہیں۔ کم اور زیادہ کرپشن کا مقابلہ کرنے والے کیسے کرپشن سے پاک پاکستان کی بات کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی این واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کرپشن کے خاتمے کی سزا موت کا انقلابی نعرہ پیش کیا ہے اور وہ اقتدار میں آکر اس نعرے کو عملی جامہ پہنائے گی۔ اختر ڈار نے کہاکہ دیگر سیاسی پارٹیاں کرپشن میں لتھری ہوئی ہیں، قوم کو ان سے پاکستان کی جان چھڑوانا ہو گی۔