چیئرمین مجلس وحدت مسلمین کی بانی تحریک انصاف سے اڈیالہ جیل میں ملاقات
اسلام آباد (خبرنگار)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بانی تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم خون کے آخری قطرے تک عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم عمران خان کے ساتھ جن بنیادی اصولوں پر اکٹھے ہیں وہ ملک وملت کی عزت کا راستہ ہے، ہم قربانی دینے والوں میں سب سے آگے ہوں گے، یہ آزادی کی جنگ ہے وطن کی آزادی کی جنگ، مادر وطن کو جس بلند وبالا مقام پر ہونا چاہیے تھا وہاں پر پہنچانے کی جنگ ہے، جس میں ہم سرخرو ہونگے، جن میں آزاد خارجہ پالیسی،داخلی خود مختاری شامل ہیں، لہذا وہ پر امید ہیں انہیں نہ توڑا جا سکا ہے اور نہ ہی خوفزدہ کیا جا سکا ہے، ان کے خلاف جس قدر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیئے جا رہے ہیں وہ مضبوط ہو رہے ہیں، الٹا انہیں پریشان کرنے والے پریشانی میں مبتلا ہیں، وہ پاکستانی عوام کو ایک قوم بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ہمیں مسلکی تفریق میں ڈالا گیا، مہاجر، سندھی، بلوچی، پشتو، پنجابی اور سرائیکی ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ ہم پر مسلط ہو حکمرانی کی جائے، غزہ کے معصوم بچوں کے قاتلوں کے ہاتھوں ہمارا ملک یرغمال ہے، امریکہ ہم پر اسرائیل کو تسلیم کروانے کا دبا ڈال رہا ہے، ہم اس امریکی مداخلت سے آزادی چاہتے ہیں، ملک میں طاقت کا سر چشمہ عوام ہے، عوام کی منتخب حکومت قائم ہو اور تمام ادارے آزاد ہو کر اپنے آئینی دائرہ کار میں امور انجام دیں۔