سندھ ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال رکھنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کر دی
کراچی ( این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال رکھنے سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ ہمارا انٹرنیٹ نہیں چلتا تو کہیں اور کیا چلتا ہوگا، لگتا ہے الیکشن کے بعد انٹرنیٹ سروس ٹھیک ہوجائے گا۔عدالت نے بعد ازاں پی ٹی اے کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت 21 فروری تک ملتوی اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال رکھنے کے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بلاتعطل جاری رکھنے کا حکم برقرار رکھا۔