• news

ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو لازمی ووٹ دیں‘ شوبز ستاروں کی اپیل

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے عوام سے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کردی۔ عدنان صدیقی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں کہا کہ 8 فروری پوری قوم کے لیے ایک اہم دن ہے، لہٰذا آپ سب سے گزارش ہے کہ لازمی ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں کیونکہ ملک میں تبدیلی لانے کی طاقت ہمارے ہاتھ میں ہے۔ اداکار نے کہا کہ یاد رکھیں، اگر آپ نے 8 فروری کو ووٹ نہیں دیا تو آپ بعد میں ملکی حالات پر شکوہ کرنے کا حق کھو دیں گے۔ لہٰذا اپنا حق استعمال کرتے ہوئے خود اپنے مستقبل کو تشکیل دیں۔ گلوکار و اداکار فرحان سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستانیو! باہر آؤ اور 8 فروری کو ووٹ دو۔ فرحان سعید نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے ساتھ ظلم ہوا ہے تو ووٹ دیں، اگر آپ اپنے ملک کی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں تو ووٹ دیں، اگر آپ صحیح شخص کو ملک کی قیادت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو ووٹ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن