• news

اسرائیلی امداد کا بل مسترد، غزہ میں مزید 107 فلسطینی شہید

غزہ‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بدترین جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ صیہونی فوج کی بمباری سے 24گھنٹوں میں مزید 107 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل کے شام کے شہر خمس میں حملے سے بچے‘ خاتون سمیت 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بربریت کی تمام حدیں پار کردیں۔ اسرائیلی فوج نے دیر البلاح میں ایک گودام اور رفح میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔ دونوں رہائش گاہوں میں موجود فلسطینی بے گھر ہو گئے، متعدد شہید اور زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج نے جبالیہ میں گھر پر بم برسا کر مزید 20 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ خان یونس میں الہناوی سکول میں موجود بے گھر فلسطینیوں پر بھی راکٹ داغ دیئے جہاں بچوں اور خواتین سمیت 14 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ رفح میں بھی اسرائیلی حملوں میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہداء کی مجموعی تعداد 27 ہزار 500 سے زائد ہوگئی جبکہ 66ہزار زخمی ہیں۔ ادھر حماس نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قطر اور مصر کی مجوزہ تجاویز کا بھی جواب دے دیا ہے۔ دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان میں اسرائیل کی فوجی امداد کا بل مسترد کردیا گیا۔ بل کی مخالفت میں 180 اور حمایت میں 70 ووٹ پڑے۔ بل کو 166 ڈیموکریٹس اور 14 ریپبلکنز ارکان نے مل کر مسترد کیا۔ ایوان سے بل کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت درکار تھی۔ اسرائیل کو فوجی امداد کیلئے 17 ارب ڈالر سے زائد امداد ملنی تھی۔ حماس نے اسرائیل کو ساڑھے 4 ماہ کی جنگ بندی اور غزہ پٹی سے قابض فوج کے انخلاء کے بدلے قیدیوں کی رہائی کی پیشکش کی ہے۔ ترجمان سعودی وزارت خارجہ نے کہا اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوں گے۔ ہم فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کیلئے ثابت قدم ہیں۔ ادھر فنڈنگ روکنے پر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’’اونروا‘‘ کے ملازمین نے احتجاج شروع کر دیا۔ اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے رفاہ پر اسرائیلی حملہ ہر قیمت پر روکا جائے۔ غزہ کے ہسپتال میں ڈاکٹر صرف ان مریضوں کو توجہ دے رہے ہیں جن کا بچنے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر ایسے مریضوں کا علاج چھوڑ رہے ہیں جن کے زخم گہرے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن