شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں کی رات، شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ گھروں اور مساجد سمیت کئی مقامات پر درود و سلام کی اجتماعی محافل کا انعقاد کیا گیا جن میں شب معراج کی مناسبت سے خصوصی عبادات اور نوافل کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ ذکر سرکار دوعالم ﷺ بھی کیا گیا۔ شب معراج کے موقع پر گھروں میں خصوصی پکوان تیار کرکے تقسیم کیے گئے۔ شب معراج کے باعث حلوائیوں نے خصوصی لیچیاں، پوڑے، جلیبیاں اور دوسری مٹھائیاں سجائی ہوئی تھیں۔ دن بھر حلوائیوں کی دکانوں پر خریداروں کا رش رہا۔ سنت نبویﷺ کے مطابق آج نفلی روزہ بھی رکھا جائے گا۔ فرزندان اسلام نے شب معراج کی مناسبت سے رات عبادت کرنے میں گزاری۔ ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مساجد میں نوافل کی ادائیگی کیلئے خصوصی اجتماعات جبکہ درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔