گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دے کر معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہونگے: وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کئی ممالک پاکستان کے ساتھ شعبہ سیاحت میں اشتراک کے لئے دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور علاقے میں معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ متعلقہ حکام اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم کے شعبوں میں تمام صوبوں میں گلگت بلتستان کے طلبا کا کوٹہ بڑھانے کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چیئرمین راجہ ناظم الامین کی قیادت میں رائل فاؤنڈیشن آف گلگت بلتستان کے 17رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور اس سے علاقے میں معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سکردو ائیرپورٹ کو بین الاقوامی حیثیت ملنے کے بعد سے علاقے میں سیاحت میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ شعبہ سیاحت میں اشتراک کے لئے کئی ممالک دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم کے شعبوں میں تمام صوبوں میں گلگت بلتستان کے طلبا کا کوٹہ بڑھانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے رائل فاؤنڈیشن آف گلگت بلتستان کی علاقے کی ترقی کے لئے خدمات کی بھی تعریف کی۔ وفد نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ دریں اثناء نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے ملاقات کی ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں متعلقہ وزارت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔