ڈپٹی کمشنر ‘ ڈی پی او قصور کا الیکشن 2024 کے سلسلہ میں بلک سنٹر کا دورہ
قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ارشد بھٹی نے ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے ہمراہ ضلع قصور کے قومی اسمبلی کی چار اور صوبائی اسمبلی کی دس سیٹوں کے لیے جنرل الیکشن 2024ء کے سلسلہ میں بلک سنٹر کا دورہ کیا۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فاربوائز میں قائم بلک سنٹر میں الیکشن سامان کی تقسیم کے عمل کو چیک کیا۔ الیکشن سامان کی تقسیم و وصولی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور الیکشن سامان کی تقسیم و صولی کیلئے سکیورٹی، کنٹرو ل روم، سٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی سمیت و دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز قصور میں این اے 131 اور این اے 132 کے پریذائیڈنگ افسروں کو الیکشن سامان کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا۔ این اے 133 اور این اے 134 کے پریذائیڈنگ افسروں کو الیکشن سامان کی تقسیم چھانگامانگا روڈ پر واقع ایسوسی ایٹ کالج فار وومن میں قائم بلک سنٹرز میں کی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ارشد بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ عوام جان ومال کے تحفظ اور جمہوری تسلسل کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔