پرامن، شفاف انتخابات کا انعقاد پولیس کی ذمہ داری ہے: ڈی پی او شیخوپورہ
شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی )ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے ڈی پی او آفس میں جنرل الیکشن 2024 کے موقع پر پولنگ سٹیشنز پر تعینات نفری کو سکیورٹی اور انکی ذمہ داریوں کے متعلق بریفنگ دی اس موقع پر خطاب کرتے ڈی پی او زاہد نواز مروت نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری مکمل طور پر غیر جانبدار رہتے ہوئے، پرامن، شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرانا ہے اس سلسلے میں ایک جامع سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق تمام افسران و جوان اپنے اپنے پولنگ سٹیشن پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے پولیس کا اولین فرض ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے پولنگ سٹیشن تک اور پولنگ سٹیشن سے واپس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر تک پولنگ عملے اور پولنگ مٹیریل کی بحفاظت ترسیل بھی ہماری ذمہ داری ہے دوسرے اضلاع اور پنجاب کانسٹیبلری سے آنے والی نفری کو بتایا کہ ان کے لیے رہائش، بہترین ناشتے اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے اس کے علاوہ انتخابات کے دن آپ کے لیے کھانے پینے کا سامان آپ کے ڈیوٹی پوائنٹ پر پہنچایا جائے گاانہوں نے پولیس فورس کو تاکید کی کہ پولیس کا کام سکیورٹی کی فراہمی اور جنرل الیکشن کا پر امن انعقاد کرانا ہے۔ ضلع میں کل 1412 پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں سے اے کیٹگری کے 127، بی کیٹگری کے 407 جبکہ سی کیٹگری کے878 پولنگ سٹیشن ہیں۔ جنرل الیکشن کے موقع پر تمام سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں پولیس کی گاڑیاں، موٹرسائیکل سکواڈ، ایلیٹ فورس کے کمانڈوز، پاک فوج کے دستے اور پنجاب رینجرز کی گاڑیاں گشت کریں گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری ریسپانس کریں گی۔ضلع کو2 زونز20 سیکٹرز اور 110 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ زونز پر ایس پی سیکٹرز پر ڈی ایس پیز جبکہ سب سیکٹر پر ایس ایچ اوز کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔