ون ڈے رینکنگ‘بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بابر اعظم کی ون ڈے اور کین ولیمسن کی ٹیسٹ فارمیٹ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔ ٹیسٹ فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ پاکستان کے بابر اعظم کا ٹیسٹ رینکنگ میں پانچواں نمبر ہے۔آسٹریلیا کے عثمان خواجہ چھٹے اور بھارت کے ویرات کوہلی ایک درجے تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔بھارت کے جسپریت بمرا نمبر ون ٹیسٹ بائولر بن گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا کی دوسری پوزیشن ہے۔ ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ون ڈے بائولرز میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن ہے جبکہ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان تیسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔بائولرز میں انگلینڈ کے عادل رشید پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آل راؤنڈر میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔