اسلام آباد ہائیکورٹ احاطہ عدالت سے خاتون ملزمہ کی گرفتاری پر برہم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ نے احاطہ عدالت سے خاتون ملزمہ کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی اور اختیارات سے تجاوز پر ایس پی انویسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت سے جاری خاتون کی درخواست ضمانت پر سماعت کے 2صفحات پر مشتمل حکمنامہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ احاطہ عدالت سے خاتون کی گرفتاری پر پولیس اہلکار نے عدالت سے معافی مانگ لی۔ پولیس اہلکار وضاحت دے کیوں نہ اس کے خلاف اختیارات سے تجاوز پر کارروائی کی جائے۔ ملزم سیف الرحمن کی درخواست ضمانت سنی گئی، دوران سماعت ملزم بیٹے کی ماں کمرہ عدالت میں موجود تھی۔ اے ایس آئی زاہد حمید نے اس خاتون کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ پولیس اہلکار نے اختیار سے تجاوز اور عدالتی وقار کا خیال نہیں رکھا، اس لئے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔