ملک بھر میں موبائل فون، انٹرنیٹ بند، پی پی، پی ٹی آئی کی الیکشن کمشن کو درخواستیں
لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی (نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار +اپنے سٹاف رپورٹر سے+خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی) عام انتخابات کے روز ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کاسامنا رہا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس متاثر رہی۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملک میں پرامن طریقے سے پولنگ کا عمل جاری رہا۔ اسلام آباد میں کامن ویلتھ آبزرویشن کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق کوئی تشویشناک بات نہیں، ملک میں پرامن پولنگ ہوئی، ہر پارٹی کے کیمپس موجود ہیں۔ عام انتخابات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کیخلاف پی پی رہنما شیری رحمان نے صوبائی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔ پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان صوبائی الیکشن کمیشن آفس پہنچیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس کی بندش پر تشویش ہے، آج الیکشن کا دن ہے، آج موبائل اور انٹرنیٹ بند کرنا جمہوریت اور انتخابی عمل کی نفی کرے گا۔ اس موقع پر شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وکلاء اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں بھی پٹیشن جمع کرائیں گے۔ سعید غنی نے بھی سروس بندش پر کڑی تنقید کی۔ انٹر نیٹ سروس کی بندش پر تحریک انصاف الیکشن رابطہ سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔ بیرسٹر علی طاہر نے خط میں موقف اختیارکیا کہ انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے شہریوں کومشکلات ہیں، سروس معطل کرکے شہریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ خط میں کہا گیاکہ فری اینڈ فیئر الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے، فوری طورپر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی کے قیصر شریف اور حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل سروس بند کر کے 25 کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، وزیرِ داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر موبائل سروس بحال کی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ موبائل فون بندش سے لگتا ہے کہ کوئی غیرمعمولی حالت بنی ہوئی ہے۔ ووٹرز کی جانب سے اپنے پولنگ سٹیشن سے متعلق درست معلومات حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی سروس 8300پر ایس ایم ایس بھیجنے کی وجہ سے سروس جواب دے گئی۔ موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس معطل ہونے سے ووٹرز کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔انچارج سینیٹر الیکشن سیل پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر پولنگ ڈے کے حوالے سے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش ختم کرنے کے مطالبہ کے ساتھ ساتھ ا لیکشن کمشن کو متعدد خطوط ارسال کئے۔ بیان میں تاج حیدرنے کہا کہ پولنگ کے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش کا کوئی جواز نہیں ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا سکتے ہیں۔