بنوں ‘ کوٹی سادات میں علاقائی کمیٹی نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا
بنوں+سوات (نامہ نگار +نیٹ نیوز)بنوں کے علاقے کوٹی سادات میں علاقائی کمیٹی نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا ہزاروں خواتین حق رائے دہی سے محروم، خواتین کیلئے علاقے میں قائم واحد پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کوٹی سعادت میں خواتین ووٹ پر پابندی لگا دی ، خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کی صورت میں گھر کے سربراہ کو پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا ،اس پولنگ اسٹیشن پر سال 2008 کے انتخابات میں آخری بار پولنگ اسٹیشن پر خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا تھا ، پولنگ کے آس پاس موجود اہل علا قہ نے بتایا کہ خواتین کے ووٹ پر پابندی نہیں بلکہ خواتین خود ووٹ کاسٹ کرنے گھروں سے نہیں نکلتی، پولنگ میں موجود خاتون پریزائڈنگ اپنے ہی پولنگ کے حال احوال سے لا علم نکلی او ر اُنہیں ووٹ کی تعداد تک کا پتہ نہیں تھا پولیس اور عملے نے پولنگ اسٹیشن کی فوٹیج بنانے پر بھی پابندی لگا دی، مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر 2123 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن کو منسوخ ہو نے سے بچانے کیلئے افہام و تفہیم سے چند ووٹ ڈالے جاتے ہیں جبکہ باقی ووٹ پر پابندی ہو تی ہے ۔ این اے 3 ڈاگے پولنگ سٹیشن 290 اور 291 میں خواتین کا ایک بھی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 3 میں خواتین کی کل ووٹرزکی تعداد 543 ہے۔ ادھر کراچی میں این اے 246 اورنگی ٹائون میں پولنگ سٹیشن نمبر 201 پر عملے کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ ہوئی ہی نہیں اور پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ خواتین ووٹرز نے سخت احتجاج کیا۔