لاہور میں بڑی گہما گہمی‘ ووٹرز نے بڑی تعداد میں امیدواروں کو ووٹ ڈالے
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز عام انتخابات کے لئے دن بھر بڑی گہما گہمی رہی۔ ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنے امیدواروں کو ووٹ ڈالے۔ پولنگ کے لئے گزشتہ روز حکومت حکومتی اداروں میں چھٹی تھی جبکہ کاروباری مراکزبھی بند رہے۔ سیاسی جماعتوں نے پولنگ سٹیشنز کے باہر اپنے کیمپ قائم کئے تھے جہاں ووٹر کو ووٹ ڈالنے کے لئے پرچیاں بنا کر دی جا رہی تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انتخابی امیدوارں نے اپنے ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا تھا۔ پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ سیاسی جماعتوں نے اپنے ووٹرز کے لئے پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا جس میں نان چنے، سری پائے اور نہاری سمیت دیگر لوازمات شامل تھے۔ اسی طرح دوپہر کو قیمے والے نانوں، بریانی، ذردہ سمیت دیگر لوازمات شامل تھے جبکہ چائے اور قہوہ کے دور دن بھر چلتے رہے۔ حکومت کی جانب سے پولنگ کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولنگ سٹیشنز کے باہر رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی جس کے باعث لوگوں کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے ووٹرز نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کی تعریف کی تاہم موبائل فون سروس بند کئے جانے پر سخت تنقید کی جس کے باعث ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔