• news

کابینہ نے نادرا کے آڈٹ کی منظوری دیدی، نجکاری کمشن کے فیصلوں کی توثیق موخر

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے نادرا کے آڈٹ کی منظوری دے دی۔ پرائیوٹائزیشن کمیشن کے 7 فروری کو ہونے والے فیصلوں کی توثیق موخر کردی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 31 جنوری اور 7 فروری کے ہوئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر ایئر کموڈور محمد عاطف ہاشم کی بطور ممبر ٹیکنیکل، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بورڈ میں تعیناتی کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کا نفاذ 19 جولائی 2023 سے ہوگا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نادرا کے آڈٹ کے لیے سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ کیٹگری A کی آڈٹ فرم کی خدمات کے حصول کے لیے اوپن بڈنگ کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے سے وفاقی کابینہ کے 2019ء میں کیے گئے فیصلے میں ترمیم کی گئی جس کے مطابق نادرا کے آڈٹ کے لیے صرف چار بڑی اور معروف آڈٹ فرمز کی خدمات حاصل کی جاسکتی تھیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کی سفارش پر ’’سائبر سکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان‘‘ کے منصوبے کو نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سی ڈی اے ملازمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی پالیسی پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں قیمتی زرعی اراضی کا استعمال کرنے کے بجائے عمودی عمارتوں کی تعمیر پر توجہ دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھر مہیا ہوسکیں اور جلد از جلد اس ضمن میں پالیسی وضع کی جائے۔ کابینہ نے الاٹمنٹ کی پیش کردہ پالیسی پر فیصلہ مؤخر کردیا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی۔ اس ترمیم کے تحت اس سیکشن میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کی جگہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے الفاظ کا استعمال کیا جائے گا۔  تاکہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے موبائل فون نیٹ ورک سپیکٹرم کی لائسنس فیس اور  Renewal فیس آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کو منتقل کی جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن