پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل :صاحبزاہ فرحان ‘کامران غلام ‘سعود شکیل کی سنچریاں
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایس این جی پی ایل نے واپڈا کیخلاف پریذیڈنٹ ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل میں پہلی اننگز کے 80 اوورز میں7 وکٹوں پر 479 رنز بنالئے۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں واپڈا نے ٹاس جیت کر ایس این جی پی ایل کو بیٹنگ دی۔ واپڈا کو ابتدا ہی میں اسوقت کامیابی مل گئی جب عابد علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بناڈالے۔ صاحبزادہ فرحان ن161 رنز بنائے۔ کامران غلام نے 101رنز کی اننگز کھیلی ۔ایس این جی پی ایل کی پوزیشن تیسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 95 رنز نے مزید مستحکم کردی۔سعود شکیل نے 81گیندوںپر 123 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔مبصرخان نے 20 گیندوں پر44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔واپڈ اکے کپتان افتخار احمد اور طاہر حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔واپڈا نے اپنی پہلی اننگز شروع نہیں کی تاہم اس کے سکور میں پانچ رنز درج ہوچکے ہیں۔یہ پانچ پنالٹی کے رنز ہیں جو ایس این جی پی ایل کی اننگز میں شارٹ رن کی وجہ سے واپڈا کو ملے ہیں۔