• news

 پی ٹی آئی  کارکنوں کاسعد رفیق کے  انتخابی دفتر پر حملہ، توڑ پھوڑ،6 زخمی (ن) لیگ کا الزام 

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الزام عائد کیا ہے  کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کے مصطفی آباد گلستان کالونی کے انتخابی دفتر پر دھاوا بولا،60سے زائد نوجوانوںنے یونین کونسل 187 کے سابق چیئرمین ملک ریاض کے گھر بنے دفتر پر پتھرائو کیا اور توڑ پھوڑ کی جس سے 6 افراد زخمی ہو گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے لیگی کارکنا ن کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بدلے اور انتقام کی سیاست نہیں کرنی ، اس معاملے میں قانون اپنا راستہ بنائے گا ۔ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنان کے دھاوا بولنے اور پتھرائو کی اطلاع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق اور بڑی تعداد میں لیگی کارکنان موقع پر پہنچ گئے ۔ ملک ریاض کے مطابق تحریک انصاف کے عمیر ایاز،شہزاد،شیخ نفیس،طارق راجو،فرحان ،امتیاز سمیت 80 افراد نے حملہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے پولیس کو درخواست دیدی گئی ہے ۔ موقع پر جمع ہونے والے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر یہاں کوئی جذباتی آدمی ہوتا تو وہ بندے لے کر نکل پڑتا اورایک نئی مصیبت پڑجاتی ۔ ہم علاقے میں پائیدار امن چاہتے ہیں ، جن لوگوں نے غلطی کی اصولاً ان کے والدین کو انہیں قانون کے حوالے کرنا چاہیے تاکہ قانون اپنا راستہ خود بنائے ۔ انہوں نے لیگی کارکنوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے کوئی قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گا،اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا پی ٹی آئی کو مبارکباد دینے کے لئے ٹوئٹ کرنے کا مقصد یہی تھا یہ پیغام گلی محلے تک جائے اور کوئی سیاسی کارکن کسی سے نہ الجھے ۔ آٹھ فروری گزر گیا ، اب ایک حکومت بننے جارہی ہے وہ حکومت صرف مسلم لیگ (ن) کی تھوڑی ہو گی وہ سارے پنجاب کی حکومت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن