خیر پی کے ‘ پنجا ب کے مختلف شہروں میںشدید زلزلہ ‘ شدت 4.9 تھی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور سوات سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خیر پی کے کے علاقوں مہمند، شبقدر ، باجوڑ ،ضلع خیبر ، شمالی وزیرستان اور مردان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔لوئر دیر، مالاکنڈ اور گردو نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پنجاب میں راولپنڈی، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چکوال اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.9 تھی، زلزلے کی گہرائی 142 کلو میٹر اور اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔