• news

الیکشن کے بعد بے یقینی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی:خرم نواز گنڈاپور 

لاہور( خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد بے یقینی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی۔ پڑھے لکھے حلقے امید لگائے بیٹھے تھے کہ الیکشن کے بعد زندگی کا پہیہ چلے گا اور انتشار کا خاتمہ ہو گا مگرلگتا ہے حالات مزید بگڑیں گے،منقسم مینڈیٹ سے خرید و فروخت کی منڈیاں سجتی دکھائی دے رہی ہیں اور اگلے کئی ماہ انتخابی بے ضابطگیوں کے کیسز کی سماعت کرنے میں صرف ہوں گے اور ہماری عدالتوں اور اداروں کا قیمتی وقت اور پیسہ اس پر خرچ ہو گا۔ الیکشن کمیشن کو نتائج بدلنے کے الزامات اور امیدواروں کے دعوؤں پر اپنا قانونی موقف دینا چاہیے اور اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے یہ آئینی ادارے کی ساکھ کا معاملہ ہے۔سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے اور گنتی کے غیر شفاف عمل پر بین الاقوامی میڈیا انگلی اٹھارہا ہے جو ہمارے جمہوری مستقبل کیلئے کسی طور مناسب نہیں ہے۔ ان الزامات کی بھرمار میں نئی حکومت بھی اپنا کوئی کام ڈھنگ سے نہیں کر سکے گی اور ملک میں ایک بار پھر شفاف انتخابات کے مطالبات زور پکڑیں گے۔رائے عامہ کا احترام نہ ہوا تو ووٹرز کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ یہ نظام ڈیلیور نہیں کر سکتا اور اس نظام میں مسائل حل کرنے کی سرے سے سکت ہی نہیں ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن