• news

70 سیٹیں متنازعہ، شواہد موجود، کسی جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 70 سیٹیں متنازعہ ہیں جس کے شواہد موجود ہیں۔ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کے نام پر منگل تک فیصلہ ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام آزاد امیدوار رابطے میں ہیں، انہیں پارٹی حمایت حاصل ہے۔ انتظمی امور کے بنیادی معاملات حل کرنے کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا۔ اکیلے حکومت بنانے پر توجہ ہے۔ ہم نے خدشہ کا اظہار کیا تھا کچھ لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے۔ لاہور سے نومنتخب ایم این اے اور جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی لاہور وسیم قادر کے (ن) لیگ میں شامل ہونے کا علم نہیں۔ پارلیمان میں خرید و فروخت کا راستہ روکیں گے۔ ایک دو روز میں فیصلہ ہو جائے گا کہ کس جماعت کو جوائن کرنا ہے۔ ہم نے جماعت اسلامی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ جو نتائج فارم 45 میں تھے وہی فارم 47 میں شائع کئے جائیں۔ 70 سیٹوں پر معامہ متنازعہ ہے۔ الیکشن کمشن جلد از جلد معاملات نمٹائے۔ ہم ہوا میں دعویٰ نہیں کر رہے۔ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔ الیکشن کمشن کو نظر نہیں آرہا کہ دیوار پر کیا لکھا ہے۔ نوازشریف 50 سیٹوں پر وکٹری سپیچ کرتے ہیں۔ نئی جماعت کی بجائے کسی پارٹی کو جوائن کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن