شیخوپورہ: لین دین تنازع پر لیگی رہنما بھائی سمیت قتل، راہگیر بھی مارا گیا
فیروزوالہ؍ لاہور (نامہ نگاران) تھانہ کوٹ عبدالمالک کے علاقہ خان پور میں لین دین کے تنازع پر شوکت گروپ نے مخالف کے دفتر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نوید عرف بگا ڈوگر اپنے بھائی فاروق ڈوگر سمیت قتل ہو گئے جبکہ ایک راہگیر بھی مارا گیا جبکہ تین افراد عبدالرشید، سجاد اور نامعلوم نوجوان زخمی ہو گئے، جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شوکت گروپ اور نوید عرف بگا گروپ کے درمیان لین دین کا تنازع جس پر شوکت نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے مسلح مخالف گروپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو سگے بھائی نوید عرف بگا اور محمد فاروق ڈوگر موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر راہگیر آصف ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقتولین کی لاشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بجھوا دیں۔ دریں ا ثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں فائرنگ سے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔