• news

سنی کانفرنسز عقائد کی پختگی ، اعمال کی درستگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں:اشرف جلالی 

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یارسول اللہؐاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام بھکھی شریف میں 18 فروری کو ہونیوالی ’’سنی کانفرنس‘‘ کی تیاریوں کے سلسلہ میں مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں علماء کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا 18 فروری کو بھکھی شریف میں تاریخی ’’سنی کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ تسلسل سے سنی کانفرنسز کا انعقاد معاشرے کیلئے ابرِ رحمت ہے۔ سنی کانفرنس کا انعقاد الحاج صوفی غلام سرور گوندل جلالی کے چہلم شریف کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ سنی کانفرنسز عقائد کی پختگی اور اعمال کی درستگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ جس طرح پاکستان بنانے میں سواد اعظم اہل سنت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آج پاکستان بچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔ آل رسولؓ اور اصحاب رسول ؓ کی محبت ذاتِ رسولؐ کی وجہ سے فرض ہے۔ اسی سے وحدتِ اْمت کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ کنونشن میں مفتی محمد زاہد نعمانی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، علامہ محمد فرمان علی حیدری جلالی، علامہ محمد صدیق مصحفی، صاحبزادہ محمد مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ محمد فیاض وٹو جلالی، علامہ فاروق اعظم جلالی، مولانا محمد وسیم عباسی، علامہ محمد فیاض فرقانی جلالی سمیت کثیر تعداد میں علماء نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن