نرسنگ کالج وہاسٹل جنرل ہسپتال کی تعمیر و مرمت کیلئے 8 کروڑ 86 لاکھ کے فنڈز جاری
لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے لاہور جنرل ہسپتال کے امیر الدین میڈیکل کالج کے نرسنگ کالج و ہاسٹل کی تعمیر و مرمت کیلئے مجموعی طور پر 8 کروڑ 86 لاکھ 27 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں ان میں سے 7 کروڑ 60 لاکھ روپے نرسنگ ہاسٹل جبکہ ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کی رقم نرسنگ کالج پر خرچ ہو گی۔ یہ بات پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے نرسنگ کالج کے دورے کے دوران نرسنگ انسٹرکٹرز و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر پرنسپل نرسنگ کالج میمونہ ستار بھی موجود تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے نرسنگ کالج و ہاسٹل کی عمارتیں 1962 میں تعمیر ہوئی تھی۔ نصف صدی سے زیادہ پرانی ان عمارتوں کی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعمیر نو کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت تھی۔اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں ہسپتال کے نرسنگ سٹاف کو بہترین رہائشی سہولیات میسر آئیں گی وہیں نرسنگ کالج کی توسیع اور مرمت کے بعد ان طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات سے مزین لیکچر رومز و لائبریری بھی دستیاب ہوگی۔ ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نرسنگ سٹاف کا کلیدی کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔نرسنگ کالج میں سہولیات میں اضافے سے نہ صرف وہاں درس و تدریس کا معیار بلند ہوگا۔