الیکشن کمشن کا نتائج روکنا کھلی بدیانتی ہے:عبد الغفار روپڑی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن کا نتائج روکنا کھلی بدیانتی ہے۔ نگران حکومت نے انتخابات کو مشکوک بنا دیا ہے اس سے ملک اور جمہوریت کو نقصان ہو گا۔ یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں جماعت کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں حافظ عبد الوحید شاہد، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا سلمان شاکر، حافظ امجد اقبال گھمن، مولانا بشیر سلفی، میجر عبد المجید اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نتائج میں تاخیر اور کچھ حلقوں کے نتائج کو روک کر بدیانتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کردار ایسا نہیں ہونا چاہئے جمہوریت اس ملک کا حسن ہے۔ سیاسی جماعتوں کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مل بیٹھ کر ملک کی سا لمیت اور جمہوریت کی بحالی کیلئے مثبت لائحہ عمل بنانا ہوگا تاکہ قوم کو مہنگائی کے عذاب سے نجات حاصل ہو سکے۔ حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا کہ 16 فروری کو جامعہ القدس چوک دالگراں میں سالانہ تقریب بخاری اور عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس منعقد ہو گی جس ملک بھر سے جید علمائے کرام اور شیوخ الحدیث خطاب فرمائیں گے۔