مینڈیٹ کا تحفظ کرنیوالوں پر پولیس گردی کی مذمت کرتا ہوں:علامہ ناصر عباس
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کا مطالبہ کرنیوالوں پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ علی بخاری، شعیب شاہین اور بھاری اکثریت سے جیتنے والے پاکستان تحریک انصاف کے دیگر اراکین کے نتائج میں رد وبدل سے پاکستانی عوام کا موجودہ سسٹم سے اعتماد مکمل طور پر اٹھ جائے گا۔ الیکشن کے حقیقی نتائج کا مطالبہ کرنے والوں پر پولیس کا وحشیانہ تشدد ظلم و بربریت ہے۔ مولا کائنات حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ ’’کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔‘‘ مقتدر شخصیات ذہن نشین کر لیں کہ جو لوگ ظلم کے بیج بوتے ہیں ان کے مقدر میں نفرتوں کا پھل ہی ہوتا ہے۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اسے کھلے دل سے تسلیم کرنا ملک و قوم کے حق میں بہتر ہے۔