• news

ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنیوالی پولیس ٹیم کیلئے 5 لاکھ روپے انعام ‘ تعریفی اسناد کا اعلان

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی بذریعہ ویڈیو کال ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے والے ڈی جی خان پولیس کے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن کی بہترین کمانڈ پر آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان اور ڈی پی او احمد محی الدین کو خراج تحسین پیش کیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے والی پولیس ٹیم کیلئے 5 لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ آئی جی پنجاب نے ویڈیو کال پر جوانوں سے آپریشن سے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور جوانمردی سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے پر پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب نے مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے اہلکار شہریار کی جرات و بہادری کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب نے شہید کے ورثاء کیلئے تمام مراعات فوری دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہید کے خاندان کی مکمل کفالت کریں گے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی اہل خانہ کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن