• news

پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کل، لیگ ترانے کا ٹیزر جاری

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام 17فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل نائن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ پی ایس ایل نائن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کل 13فروری کو لاہور میں منعقد ہو گی۔تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی بورڈ اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہوں گے جو پی ایس ایل نائن کی ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔تاہم تقریب کے انعقاد کے مقام کو تاحال حتمی شکل نہیں دی گئی۔امکان ہے کہ یہ تقریب ڈیفنس کنٹری کلب یا جیلانی پارک کی کسی گرائونڈ میں منعقد ہو گی۔ تقریب رونمائی کے انعقاد کے بعد 13فروری سے پی ایس ایل نائن میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں 16فروری تک پریکٹس کریں گی جبکہ پی ایس ایل نائن کی افتتاحی تقریب 17فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہو گی۔ پی ایس ایل 9 کے آفیشل اینتھم کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل 9 کے آفیشل اینتھم کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس میں گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ویڈیو میں علی ظفر کہتے کہ ’کھل کے کھیل پیارے کب تک تو ڈرے گا۔اینتھم کے آگے کے بول آئمہ بیگ بتاتی ہیں جو کچھ یوں ہیں ’دل میں آیا جو ہے وہ کب تو کریگا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کا ترانہ جلد ریلیز کیا جائیگا۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اینتھم کے ٹیزر کو پسند کیا جارہا ہے اور اس کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے۔شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو گا اور 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔افتتاحی میچ قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن