• news

کشمیری رہنما مقبول بٹ کے یوم شہادت پر لندن میں بھارتی ہائی کمشن تک مارچ 

اسلام آباد ؍ لندن (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) شہید کشمیر مقبول  بٹ کے یوم شہادت پر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے لندن میں احتجاج کیا۔ لبریشن فرنٹ کے مظاہرین نے پارلیمنٹ سکوائر سے بھارتی ہائی کمشن تک مارچ کیا۔ لندن  سمیت مختلف شہروں سے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کہا کہ مقبول بٹ کی قربانی پوری کشمیری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ برطانیہ اور دیگر بڑی طاقتیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرائیں۔ برطانیہ بھارت سے تجارتی تعلقات کی خاطر کشمیریوں پر ظلم کو نظر انداز نہ کرے۔ مقبول بٹ شہید کی باقیات کشمیری قوم کے سپرد کی جائیں۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کشمیری بھارت سے آزادی کے  حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔  ادھر  کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں ایک سیمینار  ہوا جس میں شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ  بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں پھانسیوں، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگر وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا۔کنوینر محمود احمد ساغر نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔  مقررین نے کہا کہ شہداء کشمیریوں کے حقیقی ہیرو اور جاری تحریک آزادی کا عظیم اثاثہ ہیں۔  مقررین میں  محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب، میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، الطاف حسین وانی، دائود یوسف زئی، حاجی سلطان بٹ، ایڈووکیٹ پرویز احمد، شیخ عبدالماجد، گلشن، منظور احمد ڈار، زاہد صفی، عبدالمجید لون، زاہد اشرف،  سید مشتاق، محمد شفیع ڈار، میاں مظفر، شوکت حسین بٹ، محمد اشرف ڈار، نذیر احمد کرنالی، افسر خان، عطاء اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن