• news

بشریٰ بی بی کی بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کیخلاف درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج درخواست پر سماعت کریں گے۔یاد رہے کہ 6 فروری کو بشری بی بی نے وکیل خالد یوسف چوہدری اور مشعال یوسفزئی کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں چیف کمشنر اسلام آباد، سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ 31 جنوری کو بشری بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی، اس کے بعد بشری بی بی نے اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری کے لیے سرنڈر کیا، بشری بی بی نے صبح 10 بجے اڈیالہ جیل پہنچ کر سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا کہ وہ خود کو گرفتاری کے لیے پیش کرنے کے لیے آگئی ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ سابق خاتون اول کو صبح 10 سے رات 9 بجے تک انتظار گاہ میں ٹھہرایا گیا، رات 9 بجے کے بعد بشری بی بی کو کہا گیا کہ آپ کو کسی اور جیل منتقل کیا جا رہا ہے، بشری بی بی کے استفسار پر جیل حکام نے بتایا کہ خان ہاؤس بنی گالا کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔اس درخواست کے مطابق بشری بی بی کی جانب سے خان ہاس کو سب جیل قرار دے کر وہاں منتقل کرنے کی کبھی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن