• news

سٹاک مارکیٹ کریش، 100انڈیکس 62ہزار کی نفسیاتی حد، 1878 پوائنٹس گنوا بیٹھا، ڈالر 50پیسے مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں عام انتخابات کے بعد نئے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اور انڈیکس62ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھا۔ مارکیٹ میں 2عشاریہ 98فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سرمایہ کاروں کو 2کھرب 64ارب روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 91کھرب روپے سے گھٹ کر 89کھرب روپے رہ گیا جبکہ 84.74فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 1878.43پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 62943.75پوائنٹس سے کم ہو کر 61065.32پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 650.72پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 21288.25پوائنٹس سے کم ہو کر20637.54پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 42581.61پوائنٹس سے گھٹ کر41355.33پوائنٹس پر آگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 2 لاکھ 14 ہزار 300 روپے پر مستحکم رہا۔ پیرکو انٹربنک میں ڈالر50پیسے بڑھ گیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر18پیسے بڑھ گیا۔ پیر کو انٹربنک میں ڈالر279.40روپے سے بڑھ کر279.90روپے پر پہنچ گیا۔ ا یکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر18پیسے کے اضافے سے 281.19روپے ہو گیا۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 52 پیسے بڑھ کر302.58 روپے ہو گئی اسی طرح برطانوی پاؤنڈ54پیسے بڑھ کر 354.65روپے پر پہنچ گیا۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت2پیسے اضافے سے 74.90روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت1پیسہ کم ہوکر 76.85روپے رہی۔

ای پیپر-دی نیشن