• news

مزید 3ممبران ن لیگ میں شامل، شہباز شریف، مریم سے 9آزاد ارکان کی ملاقاتیں

 لاہور+ قبولہ+ چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت +نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ن لیگ نے وفاق اور پنجاب  میں حکومت سازی کے لیے آزاد اراکین سے رابطے شروع کردیے۔عام انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت سازی کے لیے جہاں دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے  جا رہے ہیں، وہیں وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے آزاد اراکین سے بھی رابطے جاری ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزاد اراکین سے خود رابطے  کیے ہیں۔ انہوں نے نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو ملاقات کے لیے اپنی رہائش گاہ بلایا ہے، جہاں شہباز شریف نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دیں گے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نومنتخب آزاد اراکین کے اعزاز میں عصرانہ بھی دیں گے۔ شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پر دعوت پر بلائے گئے آزاد اراکین میں نومنتخب اراکین پنجاب و قومی اسمبلی شامل ہیں۔دریں اثنا سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے 5 ارکان اسمبلی نے ملاقات  کی ہے، جن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 195 سیعمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین  مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی شامل تھے۔ملاقات کرنے والے تمام ارکان نے پارٹی قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے مبارک باد دی اور کہا کہ آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں۔ آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں۔شہباز شریف کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے۔ پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے، ان شا اللہ۔  اس موقع پر نومنتخب ارکان اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وڑن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز کے ساتھ  7 نومنتخب آزاد ارکان پنجاب اسمبلی  پنجاب نے  ملاقات کی اور ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں سہیل خان، خرم ورک، صاحبزادہ گزین عباسی ، ثاقب چدھڑ ، ذوالفقار شاہ، رانا فیاض  شامل ہیں۔ ،  حلقہ پی پی 195 سے نومنتخب آ زاد ایم پی اے چوہدری عمران اکرم جٹ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ ضلع پاک پتن میں حلقہ پی پی 195 میں آزاد حیثیت سے ایم پی اے منتخب ہونے والے چوہدری عمران اکرم جٹ نے گزشتہ روز چوہدری طاہر اقبال جٹ کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی ۔پی ٹی آئی کے حمائیت یافتہ کامیاب ہونے والے آذاد امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 97ثاقب خان چدھڑ نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حلقہ کے وسیع تر مفاد کی خاطر ن لیگ میں شمولیت کی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن