دھاندلی کے دعووں کی تحقیقات چاہئے، نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے: امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ اس حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے جسے پاکستانی عوام نے منتخب کیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ دھاندلی کے دعووں پر مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں۔ مکمل چھان بین کی ضرورت ہے، بے ضابطگیوں کی تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم جمہوری عمل کا احترام بھی کرتے ہیں۔ پاکستان میں حکومت بننے کے بعد اس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ مداخلت اور دھاندلی کے دعووں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے پاکستان کا قانونی نظام ہی پہلا مناسب قدم ہوگا، ہم سمجھتے ہیں یہی وہ اقدامات ہیں جو کرنے چاہئیں۔ اگر تحقیقات کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہو تو اس پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ یورپی یونین، یو کے و دیگر ممالک کی جانب سے دھاندلی سے متعلق خدشات کا اظہار پاکستانی حکومت سے کیا ہے۔ قانون کی حکمرانی، آئین کا احترام، آزاد صحافت اور متحرک سول سوسائٹی کے احترام پر زور دیتے ہیں۔ سیاسی الیکشن سے متعلق تشدد، انٹرنیٹ، فون سروس پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، ان اقدامات نے انتخابی عمل کو منفی طور پر متاثر کیا، ہم آنے والے دنوں میں اس عمل کا جائزہ لیتے رہیں گے۔