داعش کمانڈر جہنم واصل
سکیورٹی فورسز نے خیبر پی کے، کے ضلع خیبر میں ا?پریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت رنگ لیڈر صورت گل عرف سیف اللہ کے نام سے ہوئی جس کا تعلق دہشت گرد تنظیم داعش سے تھا۔
پاکستان میں ایک طرف بلوچ علیحدگی پسند دہشت گردی میں مصروف ہیں دوسری طرف افغان مہاجرین کو بھی دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ٹی ٹی پی کی دہشت گردانہ کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ داعش بھی دہشت گردی میں ملوث نکلی۔ہلاک ہونے والا دہشت گرد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، شہریوں سے بھتہ وصولی اور اغوا میں ملوث تھا۔ اس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔دہشت گردی کرنے والوں کا تعلق جس بھی گروہ اور گروپ سے ہے ان سب کی پشت پناہی بھارت کی طرف سے کی جاتی ہے۔ انتخابات سے قبل دہشت گردی کے تسلسل اور تیزی میں اضافہ ہو گیا تھا خصوصی طور پر پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر دو حملے ہوئے اس سے قبل مچھ تھانے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی گئی۔ یہاں پہ 24 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔اس روز مچھ کے گرد و نواح میں تین حملے کیے گئے تھے جس میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت اداروں کی طرف سے سامنے لائے گئے۔ 24 دہشت گردوں کی ہلاکت سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ کل جس علاقے میں دہشت گرد ہلاک ہوا ،آئی ایس پی آرکے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن اپریشن کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں یہ سہولت کاروں کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتے تھے لہٰذا سہولت کاروں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی بھی ضرورت ہے۔