• news

الیکشن کمشن شفاف انتخابات کرانے میں مکمل ناکام رہا‘جعلی حکومت قبول نہیں: جاوید قصوری

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور پریس کلب میں الیکشن 2024 میں دھاندلی اور متنازعہ نتائج کے خلاف ضیاء الدین انصاری ، وقاص بٹ،خلیق بٹ،محمد فاروق چوہان اور عمران الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمشن اپنے دعوے کے مطابق صاف شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے، دھاندلی نے جمہوری روایات کو پامال کیا ہے۔ آراوز کے ذریعے انتخابات جیتنے والے عوام کے نہیں بلکہ کسی اور کے نمائندے ہیں۔عوام جعلی مینڈیٹ اور جعلی حکومت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔جماعت اسلامی کراچی،خیرپی کے اور پنجاب سمیت پورے پاکستان میں اپنا چھینا ہوا مینڈیٹ واپس لینے کے لئے بھر پور احتجاج جاری رکھے گی۔جس انداز میں ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے یہ عمل قابل قبول نہیں۔ پاکستانی تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات پر قومی خزانے سے50 ارب روپے سے زاید خرچ ہوئے ہیں۔الیکشن کمشن کی ملی بھگت سے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کو سیٹیں دی گئی ہیں۔ عوامی مینڈیٹ چوری کر کے انتخابات میں جھرلو پھیرا گیا ہے۔ فارم 45 کے نتائج کو فارم47 میں تبدیل کرکے جو نتائج جاری کئے گے اس کے بعد 8 فروری کے جھرلو انتخاب سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد ختم ہوگیا ہے۔ ملک و قوم کو سوچی سمجھی سازش کے تحت مضبوط اور پائیدار جمہوری عمل سے دور کیا جا رہا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن