الیکشن شفاف نہیں ہوئے تو خیبر پی کے میں ایک پار ٹی کی اکثریت کیسے؟: اعظم تارڑ
لاہور (خبر نگار) سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انتخابات صاف شفاف نہیں ہوئے تو کے پی میں ایک جماعت کی اکثریت کیسے ہوگئی؟۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اپنے من پسند فیصلے چاہئیں تو پھر الیکشن کمشن اور عدالتوں کو بند کر دیں۔ رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور خرم دستگیر کبھی الیکشن نہیں ہارے اگر ایسا ہوا ہے تو وہ عدالت سے رجوع کررہے ہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ریاست کو بچائیں گے۔ نواز شریف کے ویژن کے مطابق سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد مرکز کا فیصلہ کیاجائے گا، ایم کیو ایم کا خیر سگالی کا دورہ رہا ہے باقی گفتگو ایک دو روز بعد میں ہو گی۔ وفاق میں زمینی حقائق کے مطابق حکومت قائم ہوگی، مخلوط حکومت بنانے سے مرکز مضبوط ہوتا ہے۔ سیاست میں کوئی منفی نہیں ہوتا لیکن جو سیاسی جماعتیں انتہا پسندانہ یا متشددانہ یا جھوٹ پر سیاست نہیں کرتیں۔ مثبت بات ہوسکتی ہے۔