لاہور، ہزاروں روپے گیس بلوں کیخلاف احتجاج، دفتر داخل ہونے کی کوشش، کینال روڈ بند کردی
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں گیس کے ہزاروں روپے کے بل آنے پر صارفین آپے سے باہر ہوگئے اور سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کیا۔ سوئی گیس ہربنس پورہ سب آفس کے باہر گیس بلوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے گیس دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے داخل ہونے سے روک دیا۔ مظاہرین نے سوئی ناردرن گیس کمپنی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کینال روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پوری سردی گیس میسر نہیں تھی مگر بل ہزاروں روپے آگئے۔ گھریلو صارفین کو کمرشل جتنے بل آئے ہیں۔500 سے 1000 روپے تک بل آتے تھے لیکن رواں ماہ کسی کا 40 تو کسی کا 50 ہزار روپے سے بھی زیادہ بل آیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ پہلے بجلی کے بلوں میں اضافہ کیا گیا اور اب گیس غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔ غریب آدمی40 سے 50 ہزار بل کہاں سے ادا کرے گا، حکومت معاملے کا نوٹس لے۔