• news

الیکشن کمشن کے باہر احتجاج پر امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کیخلاف مقدمہ

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) تھانہ صادق آباد پولیس نے ریجنل الیکشن کمیشن کے باہر انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج، ہنگامہ آرائی، ٹریفک بلاک کرنے اور پولیس پر پتھراؤ سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تھانہ صادق آباد کے سب انسپکٹر عبدالغفور کی مدعیت میں پنجاب مینٹی نینس آف پبلک آرڈر آرڈی نینس 1960 کی سیکشن 16 کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 341، 506، 147، 149، 188، 186، 353 اور 427 کے تحت درج مقدمہ نمبر 579 میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 کی امیدوار سیمابیہ طاہر، این اے 53 کے امیدوار کرنل (ر) اجمل صابر اور پی پی 15 کے امیدوار زیاد خلیق کیانی سمیت دیگر انتخابی امیدواروں سمیت 62 افراد کو نامزد اور 300 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے مقدمہ کے متن کے مطابق سیمابیہ طاہر اور کرنل اجمل سمیت دیگر کی قیادت میں 300/350 افراد ریلی کی صورت میں ایران روڈ کی جانب جا رہے تھے جنہوں نے صادق آباد موڑ پر چاروں اطراف سے ٹریفک بلاک کر کے اشتعال انگیز تقاریر شروع کر دیں منع کرنے پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کردیا جس سے سرکاری گاڑی نمبر آر آئی جی 1631 کو نقصان پہنچا اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جس پر پولیس نے مجبورا شیلنگ کر کے مشتعل ہجوم کو منتشر کیا اور موقع سے بعض افراد کو حراست میں لیا جنہوں نے مذکورہ نامزد افراد کی نشاندہی کی۔

ای پیپر-دی نیشن