• news

وفاق المدارس الرضویہ نے ویلنٹائن ڈے کیخلاف اجتماعی شرعی اعلامیہ جاری کر دیا

 اسلام آباد+لاہور(خبر نگار+خبر نکار خصوصی) وفاق المدارس الرضویہ پاکستان سے وابستہ500 سے زائدمفتیان کرام نے ویلنٹائن ڈے کے خلاف جاری کیے گئے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی، اخلاق سوز مغربی تہوار ہے۔ یہ تہوار عریانی، فحاشی اور بے حیائی کے فروغ کا سبب ہے اس لئے مسلم نوجوان اور پوری قوم اس مغربی تہوا ر کا بائیکاٹ کرے۔ اسلام کے بیٹے اور بیٹیاں اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی و مشرقی روایات کے منافی ویلنٹائن ڈے کو مسترد کریں کیونکہ ویلنٹائن ڈے منانا شیطان کی پیروی اور اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ویلنٹائن ڈے کے نام پر عریانی و فحاشی کا فروغ اسلام دشمن طاقتوں کی سازش ہے۔شرعی اعلامیہ میں اپیل کی گئی ہے کہ والدین اپنی اولاد کو ویلنٹائن ڈے سے دور رکھنے کا بندوبست کریں۔نوجوان نسل اپنے دلوں میں محبت رسول ؐکی شمع روشن کرے۔ اسلام غیر محرم خواتین سے ملاقاتیں اور ناجائز تعلقات کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام عریانی، فحاشی اور بے حیائی سے دور رہنے کی سختی سے ہدایت کرتا ہے۔ اسلام نے بے حیائی کو بد ترین گناہ قرار دیا ہے۔ اس لئے مسلمان دنیاوغیر شرعی محبتوں اور تعلقات سے دامن بچاکر قر آن و صاحب قر آن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔ ویلنٹائن ڈے مسلم نوجوانوں اور مسلم خواتین کے اخلاق تباہ کرنے اور انہیں اسلام سے دور لے جانے کی گہری سازش ہے۔ویلنٹائن ڈے مسلمانوں کا تہوار نہیں۔ مسلمان اللہ اور اس کے رسول کی محبت کے ساتھ ساتھ اپنے والدین اور بہن بھائیوں سے محبت کریں۔شرعی اعلامیہ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے غیر شرعی تہواروں پر پابندی عائد کرے۔ جن مفتیان کرام نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں ڈاکٹر مفتی محمد کریم خاں،ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری۔مفتی گلزار احمد نعیمی، مفتی عبدالحق ترمذی، ڈاکٹرمفتی شمس الرحمان شمس،مولانا عطا الرحمن چشتی  مفتی محمد رفیق نقشبندی،مفتی اسامہ حنیف قادری،ڈاکٹر مفتی عمران نظامی،مفتی محمد افضل نعیمی، قاری فیض بخش رضوی،مولانا ضیا  المصطفی حقانی،قاری محمد یعقوب فریدی، مفتی محمدامان اللہ شاکر، مفتی احمد سعید طفیل، مفتی ریاض احمد اویسی، مفتی محمد عابد رضوی،مفتی محمد ندیم قمر، مفتی محمد چمن زمان، مفتی لیاقت علی قادری۔ مفتی محمد امین نقشبندی، سید واجد علی شاہ بخاری، مفتی محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد وحید قادری،مفتی ریاض علی قادری، مفتی محمد نصیر احمد اویسی، مفتی عبدالسلام قادری، سید واجد علی گیلانی،مفتی محمد شہزاد قادری،مفتی نذیر حبیب، مفتی منصور اسلم، مفتی فیاض مصطفائی، مفتی ریاض احمد قادری، مفتی محمد کاظم فریدی،مفتی جمیل احمد رضوی اور دیگرشامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن