این اے 64 گجرات میں دوبارہ گنتی ‘ چوہدری سالک کی جیت ‘ قیصرہ الٰہی کی ہار برقرار
گجرات(نامہ نگار) گجرات کے حلقہ این اے 64 میں دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے پر چوہدری سالک حسین کی جیت اور مد مقابل قیصرہ الٰہی کی ہار برقرار رہی ۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی قومی اسمبلی کی نشست پر ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے الیکشن کمشن کو فارم 45کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس پر ریٹرنگ آفیسر و اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس نے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور انکے پولنگ ایجنٹ کو صبح 9بجے طلب کیا تھا۔ فارم 45کی گنتی کا آغاز کیا گیا تو ریٹرنگ آفیسر کی موجودگی میں ری اکاونٹنگ کے دوران ق لیگی چوہدری سالک حسین کے 4 ہزار ووٹ کم ہو گئے۔ چوہدری سالک نے پہلے ووٹ 105205 اور مدمقابل انکی پھوپھو چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے 80946 ووٹ لئے تھے مگر فارمز پر دوٹوں کی دوبارہ گنتی میںچوہدری سالک حسین کے 100379 ، مد مقابل قیصرہ الٰہی کے 89795 اور تحریک لبیک پاکستان کے 22197ووٹ سامنے آئے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں ہونیوالی ووٹنگ کے دوران پوسٹل ووٹ کی گنتی میں پی ٹی آئی کی امیدوار قیصرہ الٰہی کو 98ووٹ ملے جبکہ مد مقابل ق لیگ کے چوہدری سالک حسین کو 29ووٹ ملے ۔