پنجاب کابینہ اجلاس، 10 ہزار طلبہ کو بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے 40 ویں اجلاس میں 8فروری کے عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر پولیس، انتظامیہ اور قانون فافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں پرامن ماحول میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا، جس پر چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، انتظامیہ اور فیلڈ فارمیشنز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ نگران حکومت نے قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا۔ ووٹرز نے پرامن ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا اور آزادانہ ووٹنگ سے اپنے نمائندے منتخب کئے۔ ہم جس مقصد کے لئے آئے تھے الحمد للہ اس میں سرخرو رہے۔ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کر سکتے تھے وہ کرنے کی پوری کوشش کی۔ پوری ٹیم کا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے حتی الوسع عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ نے سموگ میں کمی کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے 10ہزار طلباء و طالبات کو آسان شرائط پر بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری دی۔ 7ہزارالیکٹرک بائیکس طلبا جبکہ 3ہزار الیکٹرک بائیکس طالبات کو دی جائیں گی۔کابینہ نے پنجاب چیرٹیز کمیشن کی ایپلیٹ کمیٹی کی تشکیل اور بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کیلئے فنڈز کے اجراء، ریسکیو 1122 ایمولینسز میں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کیلئے آٹو میٹڈ ایکسٹرنل ڈیفیبریلیٹر نصب کرنے، بہاولپور، لاہور اور ملتان میں ڈرگ کورٹ کے چیئرپرسن کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کر دی۔ پی ایس ایل 9 ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پولو گراؤنڈ جیلانی پارک میں ہوئی۔ محسن نقوی نے فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ساتھ مل کر پی ایس ایل 9 ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کی۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا امید ہے کہ یہ ایک زبردست ٹورنامنٹ ہو گا۔ پی سی بی کی پوری ٹیم پی ایس ایل 9 کی تیاری کر رہی ہے اور ٹیمیں لاہور پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔ ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ پی سی بی میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں ہوں گی، ابھی ایک ہفتے کے دوران متعدد ضروری فیصلے کئے ہیں۔ انشاء اللہ پی ایس ایل کو بڑا ٹورنامنٹ بنائیں گے۔ ماضی کے مسائل کو بھی سمجھ رہاہوں، کمزوریاں بھی جان رہا ہوں، انشاء اللہ تمام رزلٹ آپ کے سامنے ہو گا اور کوئی چیز چھپے گی نہیں۔