وزیراعظم طلب، ملوث لوگوں کو 2 بار سزائے موت ملنی چاہئے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) بلوچ طلباء کی عدم بازیابی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر 19 فروری کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو طلب کر لیا ہے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے بتایا کہ12 میں سے ایک اور طالب علم بازیاب ہوگیا ہے۔ اٹارنی جنرل آج دستیاب نہیں سماعت ملتوی کی جائے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ جبری گمشدگیوں کی سزا، سزائے موت ہونی چاہئے اور ملوث لوگوں کو دو چار سزائے موت ملنی چاہئے۔ نگراں وزیراعظم پیر کو10 بجے خود پیش ہوں اور خود پیش ہو کر بتائیں کیوں نہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم کو19 فروری کی صبح طلب کر لیا۔