• news

بلوچستان میں مبینہ دھاندلی بی این پی سمیت 4قومیت پرست جماعتوں کی ہڑتال، دھرنے جاری

 کوئٹہ (آئی این پی) انتخابی نتائج کے خلاف بلوچستان بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شٹر ڈائون ہڑتال، تمام چھوٹے بڑے کاروباری تجارتی مراکز اور دکانیں بند رہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی نتائج کے خلاف سیاسی جماعتوں کی اپیل پر کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں  ہڑتال کی گئی۔ مختلف مقامات پر دھرنے دیئے گئے۔  واضح رہے کہ کوئٹہ میں انتخابی نتائج کے خلاف 4 جماعتی اتحاد کی جانب سے انتخابی نتائج کی درستگی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ بی این پی، پشتونخوا میپ، نیشنل پارٹی اور ایچ ڈی پی کے درمیان اتحاد پر غور کیا جا رہا ہے۔ چاروں قوم پرست جماعتوں میں  تحفظ جمہوریت تحریک  چلانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروں جماعتوں میں آئندہ پی ڈی ایم طرز کی وفاقی اتحاد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ بھی  زیر غور ہے ۔ چاروں جماعتوں کا سربراہی اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سربراہی اجلاس میں زیرغور تجاویز پر حتمی فیصلہ ہوگا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری  رہا جس کے باعث قومی شاہراہ بند ہے۔  اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا جب تک فارم 45 پر نتیجہ کا اعلان نہیں ہوتا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ بلوچستان بار کونسل اور انجمن تاجران نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن