بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے صدر احکامات جاری کریں: لطیف کھوسہ
اسلام آباد (آئی این پی) رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے کہا کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کریں۔ بانی پی ٹی آئی کی سزائیں کالعدم قراردیکر فی الفور رہا کیا جائے۔ الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم پی ٹی آئی سے ہیں، انڈیپنڈنٹ کہنا غیر آئینی اورغلط ہے، ہم تو بلا لینے آئے ہیں انہوں نے تو جہیز کا پورا سامان دے دیا۔ ہم نے جتنے کاغذات جمع کرائے اس پر پی ٹی آئی لکھا تھا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی نہیں ہم سے صرف نشان چھینا گیا۔ عوام نے ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے نمائندے سمیت کوئی بھی ہو سب عوام سے وفاداری کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو پارٹیوں سے یہاں بندر بانٹ ہو رہی ہے، ایک کہتا ہے دو سال وزیراعظم تم اور تین سال میں بن جاتا ہوں، کہا جا رہا ہے کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ میری بیٹی کو دے دو اور پھر کہا جاتا ہے کہ صدرکا عہدہ ہمیں دے دو۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو سراہتا ہوں، انہوں نے شکست تسلیم کی اور فون پر مجھے مبارکباد دی۔ خواجہ سعد رفیق سے کہا کہ اپنے بڑوں کو بھی یہی درس دیا کریں، میں نے کہا اگر نواز شریف یاسمین راشد سے ہار گئے تو شکست قبول کریں۔ خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے ہار گئے تو ہار مان لینی چاہیئے۔ خواجہ آصف کے لئے ان کے اپنے الفاظ دہراتا ہوں کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیاء ہوتی ہے۔