• news

لیسکو، فیسکو: مزید 228بجلی چور گرفتار، آئیسکو میں ڈیفالٹرز سے 2ارب 2کروڑ وصول

اسلام آباد‘ فیصل آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) نادہندگان کے خلاف آئیسکو نے کارروائی کا سلسلہ تیزکردیا۔ 80 ہزار 952 بجلی نادہندگان سے2 ارب 2 کروڑ 65 لاکھ 20 ہزار وصول کر لئے گئے۔ ڈاکٹر محمد امجد خان چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے کہا کہ مورخہ 13 فروری 2024 بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی صارفین کی اولین ذمہ داری ہے جس کے باعث صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی سے متعلقہ جاری پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ممکن ہے۔ فیسکو ریجن سے مزید 34 بجلی چور پکڑے گئے‘ انہیں 25 لاکھ کے جرمانے کئے گئے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور154 روز سے جاری مہم کے دوران 17 ہزار  524ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 52ہزار 856ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 48 ہزار 534ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک  7 کروڑ 22 لاکھ  88 ہزار19 یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ارب 79کروڑ32 لاکھ 68 ہزار 718روپے بنتی ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں میں 434 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے194 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔  پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل،1 زرعی، انڈسٹریل 1اور417 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے 2 لاکھ 51 ہزار 777یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت74 لاکھ 63 ہزار479روپے بنتی ہے۔ گڑھی شاہو کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 80 ہزار روپے ،گرین ٹائون کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 50 ہزار روپے ،شاہدرہ کے علاقے میں ملزم کو1 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ مناواں میں ملزم کو 1 لاکھ 24 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن