• news

حوثیوں کے آبنائے باب المندب میں جہاز پر حملے سے نقصان

واشنگٹن(این این آئی)امریکی سینٹرل کمانڈ نے اطلاع دی ہے کہ حوثیوں نے یمن میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں سے ایک کارگو جہاز پر دو میزائل داغے جو بحیرہ احمر میں جزائر مارشل کا پرچم لہرا رہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی کمانڈ نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے اکانٹ میں بتایا کہ یونان کی ملکیت والا جہاز اسٹار آئرس مکئی لے کر برازیل سے ایران میں امام خمینی بندرگاہ کی طرف جا رہا تھا۔سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ جہاز کو معمولی نقصان کی اطلاع ملی، لیکن اس کے عملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور اس نے اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھا۔حوثی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک بیان میں کہاکہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے حوثی بحیر احمر میں مال بردار جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے ایران جانے والے کسی جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ نشانہ درست اور ہدف پر تھا، ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گروپ اپنے حملے جاری رکھے گا اور غزہ میں جنگ بند ہونے تک بحری جہازوں کو اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے سے روکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن