عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا، ان انتخابات سے سیاسی استحکام نہیں آ سکتا: شاہ محمود
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ایسے انتخابات سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی میڈیا تو پاکستان میں ہونے والے الیکشن کو دھاندلی زدہ کہہ رہا ہے، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنای گئیں۔ ان کے لئے شرمندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جیتے ہوئے الیکشن کو نہیں منا رہے، درخواست ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کریں، الیکشن میں جیتے ہوئے لوگ بھی اس الیکشن کو نہیں مان رہے، انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے، تحقیقات کی جائیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات کے بعد میری اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات نہیں ہوئی، قید تنہائی میں رکھا گیا ہے بلاول کس منہ سے نون لیگ کے ساتھ اتحاد کریں گے؟ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں جن کے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے وہ اکٹھی ہو جائیں۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میری بیٹی 14ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی، ایک دم رزلٹ آنا بند ہوگئے، چار بجے تک جاگتا رہا رزلٹ نہیں آ رہے تھے، میری بیٹی کے پاس 281 پولنگ سٹیشن کے فارم45 موجود ہیں،16 ہزار555 ووٹ مسترد ہوئے اس کے باوجود جیت رہے تھے۔