• news

نوجوان ٹینس پلیئر زینب نقوی اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر) کراچی سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ ٹینس پلیئر اسلام آباد میں انتقال کرگئیں۔ زینب علی نقوی آئی ٹی ایف ٹورنامنٹ کے لیے کراچی سے اسلام آباد گئی تھیں۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ زینب علی نقوی میچ کھیل کر نہانے گئیں اور جب کافی دیر تک وہ واپس نہیں لوٹیں، واش روم کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو ان کا انتقال ہو چکا تھا۔ زینب علی کو کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کی موت کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے لیے رات کو ہی ان کی میت کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے بعد ان کی میت تدفین کیلئے کراچی  پہنچ گئی ہے۔ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے  گزشتہ روز کے  تمام میچز منسوخ کر دیئے گئے تھے جو آج سے دوبارہ شروع ہوں گے  جب کہ ساتھی کھلاڑیوں نے ان کی اچانک موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ زینب علی نقوی کراچی ریجن کی ٹاپ پلیئر تھیں، انہوں نے کئی انعامات اپنے نام کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن