عوامی امنگوں کی ترجمان ن لیگ پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے تیار: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ ہم تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد، سیاسی معاشی استحکام کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ جن حلقوں میں دھاندلی کی شکایات ہیں ان کی آئینی و قانونی طریقہ سے تحقیقات کروا کر ان کا اذالہ کیا جا سکتا ہے۔ الزام تراشی سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اور نہ ہی ملک اس کا متحمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف خوشحالی کی ضمانت ہے، جلد ملک میں پھر سے خوشحالی کے دور کی واپسی ہو گی۔ عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان مسلم لیگ (ن) ہے جو الیکشن کے لئے میدان عمل میں ہے اور ملک کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔